السلام علیکم اسلامی تاریخ قسط نمبر 5 حضرت آدم علیہ السلام حضرت آدم علیہ السلام وہ پہلے انسان ہیں جن سے دنیا میں بسنے والے انسانوں کی ابتدا ہوئی ہے ۔ اللہ تعالٰی نے ان کا خمیر تیار کرنے سے پہلے فرشتوں سے کہا: " عنقریب میں مٹی سے ایک ایسی مخلوق پیدا کرنے والا ہوں جسے زمین میں ہماری خلافت کا شرف حاصل ہو گا۔" چنانچہ حضرت آدم علیہ السلام کا خمیر مٹی سے گوندھا گیا ، پھر اللہ تعالٰی نے اس میں روح پھونک دی ، تو اسی وقت وہ زندہ انسان بن گئے ، ان کے سامنے فرشتوں کو سجدہ کرنے کا حکم دیا ، تو تمام فرشتے اللہ تعالٰی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے سجدہ میں گر گئے ، مگر شیطان نے اپنی بڑائی اور تکبر کی وجہ سے انکار کردیا اور کہنے لگا: " میں اس سے بہتر ہوں ، کیونکہ آپ نے مجھے آگ سے پیدا کیا اور آدم کو مٹی سے پیدا کیا ہے۔" اس طرح شیطان اللہ کے حکم کو نہ مان کر ہمیشہ کے لیے اللہ کی لعنت کا مستحق بن گیا ، اور اُسی وقت سے وہ حضرت آدم علیہ السلام اور اُن کی اولاد کا دشمن بن گیا ۔



