السلام علیکم اسلامی تاریخ قسط نمبر 8 حضرت شیث علیہ السلام ہابیل کے قتل کے بعد اللہ تعالٰی نے حضرت آدم علیہ السلام کو حضرت شیث علیہ السلام جیسا نیک فرزند عطا فرمایا ۔ وہ حضرت آدم علیہ السلام کے سچے جانشین ہوئے اور آگے چل کر پوری نسل انسانی کا سلسلہ انہیں سے چلا ، اللہ تعالٰی نے ان کو نبوت سے نوازا اور پچاس صحیفے ان پر نازل فرمائے ۔ جب حضرت آدم علیہ السلام کا انتقال ہوا ، تو حضرت جبرئیل علیہ السلام کے حکم سے حضرت شیث علیہ السلام ہی نے نماز جنازہ پڑھائی ، انہوں نے حزورہ نامی عورت سے نکاح کیا اور ان سے ایک لڑکا اور ایک لڑکی پیدا ہوئ ، حضرت شیث علیہ السلام نے اپنی زندگی مکہ میں گزاری اور ہر سال حج و عمرہ کرتے رہے ۔ ان کو دن رات میں مختلف عبادتوں کا طریقہ سکھایا گیا تھا اور ایک بڑے طوفان کے آنے اور سات سال تک رہنے کی خبر دی گئی تھی ۔ حضرت شیث علیہ السلام نے نو سو بارہ سال کی عمر پائی ، جب انتقال کا وقت قریب آیا تو اپنے بیٹے انوش کو اللہ کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے کی وصیت فرمائ ، وفات پانے کے بعد اپنے والدین کے پہلو میں جبل ابی قبیس کے غار میں دفن کیے گئے ۔



